http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 15 February, 2006, 12:31 GMT 17:31 PST

کرزئی پاکستان پہنچ گئے

افغانستان کے صدر حامد کرزئی بدھ کے روز پاکستان کے دو دن کے دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق افغان صدر کا طیارہ چکلالہ فوجی اڈے پر اترا اور ان کا استقبال کرنے کے لیے وزیر خارجہ خورشید قصوری اور سیاحت کے وزیر غازی گلاب جمال موجود تھے۔

اس دورے پر صدر کرزئی پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیر اعظم شوکت عزیز سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان کے نیشنل ڈیفنس کالج سے بھی خطاب کریں گے اور پاکستانی سرمایہ کاروں کو افغانستان آنے کی دعوت دیں گے۔ پشاور سے وہ ولی خان کی قبر پر بھی جائیں گے۔

صدر کرزئی کے دورے سے عین پہلے پاکستان نے کراچی کے جیل سے پانچ سو باسٹھ افغان قیدیوں کو رہا کیا ہے۔

توقع ہے کہ صدر کرزئی اور پاکستانی حکام کی بات چیت میں طالبان کی مبینہ پاکستانی حمایت موضوعات میں سر فہرست ہوگی۔