http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 29 January, 2006, 19:38 GMT 00:38 PST

نواز شریف لندن پہنچ گئے

پاکستان کے جلاوطن سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف سعودی عرب سے لندن پہنچ گئے ہیں۔

نواز شریف دسمبر سن دو ہزار میں فوجی حکومت کے ساتھ ایک مبینہ معاہدے کے تحت اپنے خاندان کے ہمراہ سعودی عرب چلے گئے تھے جہاں سے کسی دوسرے ملک کا ان کا یہ دوسرا سفر ہے۔اس سے پہلے انہوں نے حال ہی میں دبئی کا دورہ کیا تھا۔

نواز شریف لندن کے وقت کے مطابق چھ بجے ہیتھرو ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں ایک ہزار کے قریب مسلم لیگ کے ورکر استقبال کے لیے موجود تھے۔

برطانوی سکیورٹی حکام نے نواز شریف کو ٹرمینل تھری کے سامنے کے راستے سے نہیں آنے دیا اور ائیرپورٹ کے پچھلے دورازے سے نکال ان کو لندن کے مغرب میں واقع سلؤ کی طرف روانہ کر دیا ہے جہاں ان کی پارٹی کے لوگوں نے ایک ہال کراے پر لے رکھا ہے۔

دبئی میں نواز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران اپنی جلا وطنی کے بارے میں سوالوں کا جواب دینے سے معذوری ظاہر کی تھی۔

جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ کیا وہ فوجی حکمران سے معاہدہ کرکے ملک سے باہر آئے ہیں تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ یہ سیاسی سوال ہے جس کا یہ موقع نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ہر بات کے بارے میں بعد میں کھل کر اور سیر حاصل گفتگو کریں گے۔