http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 29 January, 2006, 22:33 GMT 03:33 PST

ثقلین امام
بی بی سی اردو، لندن

آئین توڑنے کی سزا دینگے: نوازشریف

پاکستان کے جلاوطن سابق وزیرِاعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئین توڑنے والوں کو سزا دی جائے گی۔ وہ اتوار کی رات سعودی عرب سے لندن پہنچنے پر اپنے استقبال کے لیے جمع ہونے والوں سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئین کو اس حالت میں بحال کیا جائے گا جس طرح وہ 12 اکتوبر 1999 کو تھا۔

نواز شریف دسمبر سن دو ہزار میں فوجی حکومت کے ساتھ ایک مبینہ معاہدے کے تحت اپنے خاندان کے ہمراہ سعودی عرب چلے گئے تھے جہاں سے کسی دوسرے ملک کے لیے ان کا یہ یہ دوسرا سفر ہے۔اس سے پہلے انہوں نے حال ہی میں دبئی کا دورہ کیا تھا۔

نواز شریف لندن کے وقت کے مطابق چھ بجے ہیتھرو ائیر پورٹ پر پہنچے جہاں مسلم لیگ کے ایک ہزار کے قریب کارکنوں اور رہنما ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

برطانوی سکیورٹی حکام نے نواز شریف کو ٹرمینل تھری کے سامنے کے راستے سے نہیں آنے دیا اور ائیرپورٹ کے پچھلے دورازے سے نکال ان کو لندن کے مغرب میں واقع سلؤ کی طرف روانہ کر دیا ہے جہاں ان کی پارٹی کے لوگوں نے ایک ہال کرائے پر لے رکھا ہے۔

دبئی میں نواز شریف نے پریس کانفرنس کے دوران اپنی جلا وطنی کے بارے میں سوالوں کا جواب دینے سے معذوری ظاہر کی تھی۔

جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ کیا وہ فوجی حکمران سے معاہدہ کرکے ملک سے باہر آئے ہیں تو انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ یہ سیاسی سوال ہے جس کا یہ موقع نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ہر بات کے بارے میں بعد میں کھل کر اور سیر حاصل گفتگو کریں گے۔