Friday, 27 January, 2006, 22:26 GMT 03:26 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی کےمختلف مقامات سے مسلح افراد نے گیارہ افراد کو اغوا کر لیا ہے جبکہ بگٹی قبائل کے ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں۔
عبدالصمد لاسی نے کہا ہے کہ مسلح افراد نے دو افراد کو جمعرات اور نو افراد کو جمعہ کے روز اغوا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اغوا کیا گیا ہے یہ کلپر بگٹی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں جو نواب اکبر بگٹی کے مخالف سمجھے جاتے ہیں۔ عبدالصمد لاسی نے کہا ہے کہ کچھ افراد کو پٹ فیڈر روڈ اور کچھ کو سوئی روڈ سے اغوا کیا گیا ہے۔
جمہوری وطن پارٹی کے جنرل سیکرٹری آغا شاہد بگٹی نے کہا ہے کہ ان کے پاس اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے اور جب تک انہیں اس بارے میں مصدقہ اطلاع نہیں ملتی وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ۔
بلوچستان میں جاری کارروائی کے خلاف آج گوادر اور نو کنڈی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔ گوادر سے ایک مقامی صحافی نے بتایا ہے کہ احتجاجی ریلی کے وقت سیکیورٹی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی ہے لیکن کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ادھر خاران میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے جس کے بارے میں مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ بم دھماکہ ہے جس سے قریب عمارت کو نقصان پہنچا ہے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔