Tuesday, 24 January, 2006, 02:17 GMT 07:17 PST
پاکستان کے وزیر اعظم شوکت عزیز نے واشنگٹن دورے کے دوران امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ کے گاؤں ڈمہ ڈولا پر امریکی میزائیل حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پس منظر میں یہ ملاقات وزیر شوکت عزیز کے دورۂ پینٹاگن کے دوران ہوئی۔
اس ملاقات کے بارے میں دونوں ملکوں کے حکام کی طرف سے کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی تاہم امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ نے کہا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
شوکت عزیر نے ڈمہ ڈولا پر امریکی حملے کی مذمت کی تھی۔ پاکستان میں اس حملے کے بعد شدید احتجاج کیا گیا۔ وزیر اعظم شوکت عزیر بدھ کو صدر بش سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔