Thursday, 19 January, 2006, 17:48 GMT 22:48 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے رویے اور غیر ملکی چینلز کی نشریات پر پابندی کے خلاف کیبل آپریٹرز نے صوبہ سندھ میں ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی( پیمرا) نے پاکستان بھر کے کیبل آپریٹروں پر جملہ حقوق کی خلاف وزی کرنے کی وجہ سے بیس کے قریب غیر ملکی ٹی وی چینلوں کی نشریات دکھانے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
کراچی میں جمعرات کی شام پاکستان کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جن پینتیس چینلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان میں اکثر اگست دو ہزار تین سے پاکستان میں چل رہے تھے اس عرصے میں پیمرا کو یہ خیال کیوں نہیں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب ان پر کیوں پابندی لگائی گئی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ چینل عوام میں بے حد مقبول ہیں اور ان کو دکھانے کے لیے کیبل آپریٹرز کو لاکھوں روپے خرچ کرنا پڑے ہیں۔ جب عوام کو ان کے پسند کے چینلز دیکھنے کو نہیں ملیں تو وہ کیبل آپریٹرز کو فیس ادا نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ پیمرا کے ترجمان محمد سلیم کا کہنا ہے جب تک کیبل آپریٹر کے پاس ’لینڈنگ رائٹس‘ نہیں ہوں گے وہ غیر ملکی چینلوں کی نشریات نہیں دکھا سکیں گے۔
یاد رہے کہ پیمرا نے ایم ایم مووی چینل، اسٹار نیٹ ورک، بی فار یو، سپر سپورٹس اور زی نیٹ ورک کے تمام چینل اور چینل ون، ریئل ٹی وی اور فیشن ٹی وی سمیت پینتیس کے قریب چینلز کی نشریات پر پابندی عائد کی ہے۔
کیبل آپریٹرز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب تو پاکستان سے تعلق رکھنے والے چینلز پر بھارتی سیریل اور دیگر پروگرام چلائے جا رہے ہیں اسی طرح فیشن ٹی وی پاکستان شروع کیا گیا ہے کیا ان میں عریانی نہیں ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیمرا عوامی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیبل آپریٹڑز سے فوری مذاکرات کرے بصورت دیگر پیر کے روز سے سندھ میں کیبل آپریٹرز ہڑتال کردینگے ۔