http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 12 January, 2006, 11:10 GMT 16:10 PST

سوئی پائپ لائن میں دھماکہ

بلوچستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ کندھ کوٹ میں مشتبہ قبائلیوں نے سوئی گیس کی پائپ لائن کو بارود سے اڑا دیا ہے۔

اس حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے لیکن بعض اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

سوئی گیس کے ترجمان عارف ترین نے خبررساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ تخریب کاری کے اس واقعے میں ڈھائی فِٹ پائپ لائن تباہ ہوگئی۔

عارف ترین کا کہنا تھا کہ اس دھماکے سے ملک میں گیس کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی ہے لیکن ’بلوچستان میں کچھ شہر‘ متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تکنیکی ماہرین پائپ لائن کی مرمت کررہے ہیں۔

مقامی پولیس کے اہلکار مظہر شہاب نے خبررساں ادارے اے پی کو بتایا کہ اس حملے میں قبائلی شدت پسند ملوث ہوسکتے ہیں۔

بلوچستان میں گیس کی پائپ لائنوں کو مقامی قوم پرست نشانہ بناتے رہے ہیں اور حالیہ مہینوں میں ان کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جس کی وجہ سے فوج نے بلوچستان میں آپریشن کیا ہے۔

گزشتہ چند دنوں کے اندر فوج اور قوم پرستوں کے درمیان مسلح جھڑپوں میں کئی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ فوج کی کارروائیوں میں بھی درجنوں لوگ مارے گئے ہیں۔