http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 03 January, 2006, 21:32 GMT 02:32 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

بلوچستان میں شدید ترین سردی

صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقے آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔

شدید سرد موسم کی وجہ سے پانی کے پائپ اور گاڑیوں کے ریڈی ایٹرز پھٹ گئے ہیں۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی تیرہ اور قلات میں منفی پندرہ ڈگری سنٹی گریڈ ہو گیا ہے جبکہ کان مہترزئی میں، صوبے کا بلند ترین مقام سمجھا جاتا ہے، درجہ حرارت منفی سولہ ڈگری سنٹی گریڈ بتایا گیا ہے۔

کوئٹہ میں معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں بازاروں کی گہما گہمی ماند پڑ گئی ہے۔ کوئٹہ میں عام طور پر سردیوں میں بیشتر خاندان دیگر علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔

کوئٹہ میں پانی کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے جہاں اکثر علاقوں میں پانی جم جانے سے پائپ پھٹ گئے ہیں اور اب مزید پانی مہیا نہیں کیا جا رہا۔

اکثر علاقوں میں قدرتی گیس کا پریشر کم ہو جانے سے گیس کی ترسیل متاثر ہو ئی ہے۔گاڑیوں کے ریڈی ایٹرز میں موجود پانی جم جانے سے اکثر گاڑیوں کے ریڈی ایٹرز پھٹ گئے ہیں۔ سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا پانی رات کو جم جاتا ہے۔

صوبے کے دیگر علاقے بھی شدید سردی کی اس لہر کی لپیٹ میں ہیں۔

دالبندین میں کم سے کم درجہ حرارت منفی نو اعشاریہ پانچ، ژوب میں منفی چھ اعشاریہ پانچ جب کہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت چار سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔