Saturday, 31 December, 2005, 17:03 GMT 22:03 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
صوبہ بلوچستان میں سنیچر کے روز کچھ علاقوں میں برفباری ہو ئی ہے ان میں مکران ڈویژن کا شہر پنجگور بھی شامل ہے جہاں کوئی بتیس سال بعد برف پڑی ہے۔
محمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ضیاءالدین نے بتایا ہے کہ موسم کا یہ نظام پورے پاکستان پر موجود ہے۔ اتوار کی رات تک ایسا ہی موسم رہے گا جبکہ سوموار کی دوپہر دھوپ نکلنے کی امید ہے۔
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر اور تربت میں بارش ہوئی ہے جبکہ پنجگور اور قلات میں برف باری ہوئی ہے۔ اسی طرح محکمہ موسمیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ژوب میں برفباری کا امکان ہے جبکہ باقی علاقوں میں بارش ہو گی۔
کوئٹہ اور صوبے کے دیگر شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر ہے کوئٹہ میں سنیچر کو کم سے کم درجہ حرارت منفی آٹھ اور زیادہ سے زیادہ پانچ رہا ہے۔ موسم کی یہ شدت اتوار کی صبح تک رہنے کی امید ہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں کافی عرصہ سے بارش نہیں ہوئی اور خشک موسم کی وجہ سے یہاں مختلف بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں۔
ادھر کوہلو کے ناظم انجینئر علی گل مری نے کہا ہے کہ کوہلو کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر رکھی ہے لیکن اب موسم کی شدت کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے جہاں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہیضے کی وبا پہلے سے پھیلی ہوئی ہے او لوگ محصور ہیں، علاج وغیرہ کے لیے باہر نہیں جا سکتے۔