Thursday, 29 December, 2005, 18:51 GMT 23:51 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر نوشکی میں نا معلوم افراد نے ایک حمام پر دستی بم پھینکا ہے جس سے تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس حکام نے تینوں افراد کا تعلق صوبہ پنجاب سے بتایا ہے۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس غفور کرد نے کہا ہے کہ نا معلوم افراد نے دستی بم حمام کے پاس رات ساڑھے آٹھ بجے لے لگ پھینکا۔
اس سے پہلے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ گزشتہ رات نا معلوم افراد نے مچھ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے حاجی بشیر نامی ایک شخص کے مکان کے قریب دستی بم پھینک دیا تھا لیکن اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے دو روز پہلے ضلع بولان میں ڈھاڈر اور مچھ کے درمیان نا معلوم افراد نے ایک مسافر کوچ سے تین افراد کو اتار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
لیویز کے ایک اہلکار کے مطابق ملزمان نے شناخت کر کے تینوں افراد کو ہلاک کیاتھا۔ تینوں افراد کے باقاعدہ شناخت نہیں ہو سکی تاہم بتایا جاتا ہے کہ تینوں مزدوری پیشہ تھے۔
دریں اثنا میرک بلوچ نامی شخص نے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ بلوچ لبریشن آرمی کی طرف سے وہ مچھ اور نوشکی دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں ۔