Thursday, 29 December, 2005, 22:42 GMT 03:42 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوہلو کے ضلعی ناظم نے کہا ہے کہ کہان کے علاقے میں ہیضے کی وبا پھیل رہی ہے جس سے ہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
کوہلو کے ناظم انجینیئر علی گل مری نے کہا ہے کہ کہان کی یونین کونسل کے ناظم نے بتایا ہے کہ علاقے میں ہیضے کی وبا پھیل رہی ہے اور ہلاکتوں کا خدشہ ہے جس کے لیے بین الاقوامی طبی ٹیمیں اور تنظیمیں علاقے کی طرف بھیجی جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ علاقے کا محاصرہ ہونے کی وجہ سے لوگ ہسپتالوں کی طرف نہیں جا سکتے۔ اس کے علاوہ علاقے میں شدید سردی پڑ رہی ہے اور پانی کی قلت ہے۔ لوگ محاصرے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء نہیں لا سکتے۔
فوجی کارروائی کی وجہ سے علاقے میں ہر قسم کا کاروبار بند ہے جس وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ محکمۂ صحت کے حکام کی طرف سے اس وبا کے بارے میں فی الحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا سکیں۔