Wednesday, 28 December, 2005, 11:55 GMT 16:55 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردوڈاٹ کام کراچی
کراچی کی سٹی کونسل کے لیے متحدہ کی حمایت یافتہ حق پرست پینل کی نسرین جلیل نائب ناظمہ منتخب ہوگئی ہیں۔
وہ کراچی کی پہلی نائب ناظمہ ہیں۔ انہوں نے دو سو پچپن کے ایوان میں سے ایک سو چہتر ووٹ حاصل کیے۔ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار سعد غنی تھے، جن کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی اور پی پی پی میں انتخابی ڈیل کے نتیجے میں ناظم کے لیے نعمت اللہ خان اور نائب ناظم کے لیے سعد غنی کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔
کراچی سٹی کونسل کا اجلاس بدھ کو جیسے ہی شروع ہوا تو اپوزیشن کے امیدوار سعد غنی نے احتجاج کیا اور کہا کہ ایوان میں جعلی کونسلر موجود ہیں ان کے کارڈ چیک کیے جائیں۔ ان کے مطابق پولیس ان کے کونسلروں کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہیں روکا گیا ہے۔
مطالبے پر عملدرآمد نہ ہونے پر اپوزیشن کے کونسلروں نے علامتی واک آؤٹ
کیا بعد میں رٹرننگ افسر نے ہر کونسلر سے دستخط کروا کے ووٹ کا حق استعمال کرنے دیا۔
سعد غنی نے انتخابات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیدوار تھے اور انہیں بھی روکا گیا۔اس کے علاوہ کئی کونسلروں کو آنے نہیں دیا گیا۔
انہوں نے انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا اور بتایاکہ وہ اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔
متحدہ کی امیدوار نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ انتخابات قانونی اور جائز طریقے سے ہوئے ہیں اوروہ کوشش کریں گی کہ سب فریقین کو ساتھ لےکر چلیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں انصاف کے ساتھ نبھائیں گی۔