Tuesday, 27 December, 2005, 21:45 GMT 02:45 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی میں گیس کے کنویں کے قریب ٹینکی اور پائپ لائن میں دھماکہ ہوا ہے جس سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ہیں لیکن کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے بتایا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ دھماکہ کوئی تخریبی کارروائی کا نتیجہ ہے یا کوئی حادثہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سوئی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ گیس کے کنویں کے قریب ایک ٹینکی میں ہوا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور بعد میں پائپ لائن اس کی زد میں آگئی۔
تاہم آگ کنویں تک پھیلنے سے پہلے خودکار ذریعے سے گیس کی تریسل منقطع ہوگئی جس سے آگ کوئی پینتالیس منٹ کے بعد بجھ گئی ہے۔
ڈی سی او نے بتایا ہے کہ ماہرین کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔