Friday, 23 December, 2005, 16:26 GMT 21:26 PST
اقوام متحدہ کےادارے برائے مہاجرین کا کہنا ہےکہ اس نے پاکستان میں زلزلے کے متاثرین میں منجمد کر دینے والی سردی سے بچاؤ کے لیے امدادی اشیاء کی تقسیم کا ایک نیا دور شروع کردیا ہے۔
یو این ایچ سی آر کےمطابق متاثرین کے لیے اس ہفتے کے دوران دس لاکھ کمبلوں میں سے ایک چوتھائی اور تقریبا اسی ہزار پلاسٹک کی چادریں صوبہ سرحد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قائم کیمپوں کے لیے بھیجی گئی ہیں۔
ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرین کے موجودہ کیمپوں کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے نئے خیمے بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ بلند پہاڑی علاقوں سے نیچے آنے والے لوگوں کو رہائشی سہولت میسر آسکے۔ واضح رہے کہ ان وادیوں میں درجہ حرارت مزید گر گیا ہے۔
ادارے نے خبر دار کیا ہے کہ ان علاقوں میں خواتین مریضوں کی بڑی تعداد کےصحت سے متعلق مسائل کے لیے لیڈی ڈاکٹروں کی اشد ضرورت ہے۔