Friday, 23 December, 2005, 20:56 GMT 01:56 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
دیگر ملازمین کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
پاکستان کے خبریں گروپ آف پبلکیشن نے گروپ کے سندھی اخبار خبروں کے ایڈیٹر سمیت دیگر ملازمین کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
کالاباغ ڈیم کی حمایت میں شروع کی گئی میڈیا مہم کا اشتہار شائع کرنے پر خبروں کے ایڈیٹوریل سٹاف نے اعتراض کیا تھا۔ اور اپنے استعفے ایڈیٹر کے حوالے کردیے تھے۔
مستعفی ہونے والوں میں ایڈیٹر ظہیر میرانی، نیوز ایڈیٹر ذلف پیرزادہ، سب ایڈیٹر سے لیکر تمام رپورٹر اور کمپیوٹر اسٹاف شامل ہیں۔
واضح رہے کہ خبروں کی اشاعت سے قبل ہی سندھ میں یہ تاثر پایا جاتا تھا کہ اس اخبار کی اشاعت کالا باغ ڈیم کے لیے مہم چلانے کے لیے کی جاری رہی ہے۔
مستفعی ہونے والے ملازمین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو سال قبل اخبار کی انتظامیہ نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ خبروں کالا باغ ڈیم سمیت کسی بھی سندھ دشمن منصوبے کی حمایت نہیں کریگی مگر انتظامیہ نے وعدہ خلافی کی ہے۔
انتظامیہ نے کالاباغ ڈیم کے اشتہار ہر صورت میں شائع کرنے کے لیے دباؤٰ ڈالا۔ ترجمان کے مطابق عوام نے اس فیصلہ پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ۔ کچھ شہروں میں اخبار نذر آتش بھی کیا گیا تھا۔ جس سے سکیورٹی کا مسئلہ بھی پیدا ہوا۔
انتظامیہ کی وعدہ خلافی پر احتجاج کرتے ہوئے پوری ٹیم نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ سندھی میڈیا فورم نے کالاباغ ڈیم کا اشتہار شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ممبر اخبارات نے جب صرف آبی ذخیروں کی تعمیر کے حوالے سے اشتہار شائع کیے تو سندھ کے کئی شہروں میں ان اخبارات کو نذر آتش کیا گیا۔ جس کے بعد میڈیا فورم کے اجلاس میں آبی ذخائر کا کوئی بھی اشتہار شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔