http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 23 December, 2005, 10:50 GMT 15:50 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آْباد

تیل کی تلاش کیلیے کنسورشیم کا قیام

حکومت پاکستان نے سمندر کے اندر تیل تلاش کرنے کے لیے تین کمپنیوں پر مشتمل ایک ’کنسورشیم‘ کے قیام کی جمعہ کو منظوری دے دی ہے۔

یہ ’کنسورشیم‘ کراچی کے ساحل سے ڈیڑھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ’انڈس ای بلاک‘ میں سمندر کے اندر ایک ہزار میٹر گہرائی تک تیل کی تلاش کا کام کرے گا۔

اس منصوبے میں شیل کا حصہ پچیس فیصد ہوگا جبکہ کفپیک اور پپریمیئر نامی کمپنیاں فی کمپنی ساڑھے بارہ فیصد حصص کی مالک ہوں گی اور بقیہ پچاس فیصد حصص حکومت کی ملکیت ہوں گے۔

معاہدے کے مطابق فریقین تیل کی تلاش کے اس منصوبے کے تحت آئندہ برس ایک کنواں کھودنے پر کم از کم اٹھارہ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔

سمندر کے اندر واقع ’انڈس ای بلاک‘ سات ہزار تین سو نوے ہم چورس کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ اس پوری اراضی میں یہ کنسورشیم تیل تلاش کرنے کا مجاز ہوگا۔

تیل کی تلاش اور حصص کے تعین کے لیے جمعہ کو کیے گئے اس معاہدے پر صدرِ پاکستان کی جانب سے سیکرٹری پیٹرولیم احمد وقار جبکہ متعلقہ کمپنیوں کے نامزد نمائندگان نےدستخط کیے۔