http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 20 December, 2005, 06:36 GMT 11:36 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

سندھ میں ہڑتال، کراچی میں جزوی ردِ عمل

منگل کو صوبہ سندھ میں کالا باغ ڈیم کے خلاف شٹر بند ہڑتال کی گئی ہے اور اکثر مبصرین اس کامیاب قرار دے رہے ہیں۔تاہم کراچی میں ہڑتال کا اثر جزوی رہا۔

ہڑتال کی کال جئے سندھ قومی محاذ کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کی کوششوں کے خلاف دی گئی تھی۔

کراچی کے ملیر، سچل گوٹھ، بن قاسم، لیاری، گلشن حدید کے علاقوں میں کاروبار بند رہا جبکہ شہر میں بڑی تعداد میں رینجرز اور پولیس کا گشت جاری تھا۔

اندرون حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص، سانگھڑ اور خیرپور سمیت تمام اضلاع میں کاروبار بند رہا۔ صبح سے راستوں سے ٹریفک بھی کم تھی۔

سپر ہائی وی پر نوری آباد اور جامشورو کے قریب جبکہ انڈس ہائی وی پر منظورآباد کے قریب مشتعل مظاہرین نے بسوں اور ٹرکوں پر پتھراؤ کیا جس وجہ سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ٹنڈو محمد خان میں مظاہرین نے ٹائر جلاکر روڈ کو بلاک کردیا جس کے دوران ان کی پولیس کیساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں پولیس نے ہوائی فائرنگ کرکے ان کو منتشر کیا۔

لاڑکانہ اور رتو دیرو میں ساری رات اور صبح کو کریکروں سے دھماکے کئے گئے۔ ہڑتال کی وجہ سے سندھ یونیورسٹی میں امتحانات نہیں ہوسکے ہیں۔

ہڑتال نے اندرون سندھ معمولی کی زندگی اور ٹریفک کو معطل کردیا۔

کالاباغ ڈیم کے خلاف صوبائی سطح کا یہ پہلا احتجاج ہے۔