http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 08 December, 2005, 07:35 GMT 12:35 PST

دو فوجیوں کی لاشیں برآمد

اطلاعات کے مطابق نیم فوجی ساؤتھ وزیرستان فورس کے اغوا ہونے والے چار جوانوں میں سے دو کی لاشیں ملی ہیں جنہیں سکاؤٹ قلعے پہنچا دیا گیا ہے۔ جن اہلکاروں کی لاشیں ملی ہیں ان کے نام حوالدار عمر علی خٹک اور اختر زمان ہیں۔

فوری طور پر کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں وانا سے دس کلومیٹر جنوب میں ایک خشک نہر سے ملی ہیں۔

صحافی دلاور خان وزیر نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے پولیٹکل ایجنٹ لائق حسین شاہ نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل انتظامیہ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ منگل کی شام پانچ بجے کے قریب چاروں سکاؤٹ قلعے سے سویلین لباس میں وانا بازار میں شاپنگ کرنے گئے تھے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ان چاروں فوجی جوانوں کو وانا بازار میں داخل ہوتے تو دیکھا گیا لیکن اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گئے۔

وانا بازار کے چند تاجروں کے مطابق ان چاروں فوجیوں کو ایک کالے شیشوں والی گاڑی میں آئے چند افراد اٹھا کر لے گئے تھے۔

صحافی دلاور خان وزیر کے مطابق ساؤتھ وزیرستان سکاؤٹس اور پاکستانی فوج کے جوان نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ کی زد میں تو آتے رہے ہیں لیکن فوجیوں کے اغواء ہونے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔