Sunday, 04 December, 2005, 23:45 GMT 04:45 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
لاہور میں کار میں سوار پانچ افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ فائرنگ سے دو راہ گیر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شاہ نور سٹوڈیو سے ایک کلومیٹر دور ملتان روڈ پر ایک چلتی کار پر فائرنگ کی گئی۔ کار بجلی کے کھمبے سے ٹکرا کر رک گئی۔ فائرنگ سے کارمیں سوار تین افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں لاہور کے شمال میں واقع قصبے شکرگڑھ کی ایک یونین کونسل کے ناظم چودھری افضل بھی شامل ہیں۔ دیگر ہلاک ہونے والوں میں کار کا ڈرائیور شاہد، ظفر خان،عبدالرؤف اور مقبول شامل ہیں۔ حملہ آوروں کی فائرنگ کی زد میں آ کر دو راہ گیر بھی زخمی ہوگئے۔
لاہور کے شعبہ تفتیش کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس چوہدری شفقات احمد نے کہا ہے کہ بظاہر قتل کی واردات دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے اور پولیس کی ایک ٹیم شکرگڑھ روانہ کر دی گئی ہے۔
پنجاب میں ہر سال دیرینہ دشمنی کی بنیاد پر سینکڑوں افراد کو قتل کر دیا جاتا ہے۔