Sunday, 04 December, 2005, 19:09 GMT 00:09 PST
پاکستان کے وفاقی ریلیف کمشنر میجر جنرل فاروق احمد خان نے بتایا ہے کہ پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے زلزلہ زدہ علاقوں میں زلزلہ زدہ علاقوں میں کوئی جہادی تنظیم کام نہیں کر رہی ہے اور اب تک چھ لاکھ کے قریب خیمے تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں شیلٹر تعمیر کیے جا رہے ہیں-
میجر جنرل فاروق احمد خان بی بی سی اردو سروس کے پروگرام ٹاکنگ پوائنٹ میں سامعین کے سوالات کا جواب دے رہے تھے-
وفاقی ریلیف کمشنر نے بتایا کہ پانچ ہزار فٹ سے بلند علاقوں میں سردیاں اور برف باری سہنے والے مصیبت زدہ لوگوں کو سترہ ہزار خیمے دیے گئے ہیں-
میجر جنرل فاروق نے بتایا کہ اب تک زلزلہ زدہ لوگوں میں گیارہ ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں جن میں سرحد کی حکومت نے پانچ ارب روپے تقسیم کیے ہیں-
تباہ شدہ مکانات کے معاوضہ کے بارے میں میجر جنرل فاروق احمد خان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہر گھر کے لیے پچیس ہزار کا معاوضہ دیا جارہا ہے چاہے وہ بڑا گھر تھا یا چھوٹا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں بھی ایک مقررہ اسکیل پر یکساں معاوضہ دیا جائے گا-
وفاقی کمشنر نے کہا کہ زلزلہ زدہ علاقوں میں کوئی جہادی تنظیم کام نہیں کر رہی ہے-