Saturday, 03 December, 2005, 14:10 GMT 19:10 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان حکومت نے سنیچر کے روز ڈاکٹر شمشاد اختر کو تین سال کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر نامزد کردیا ہے۔
ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون کو ملک کے مرکزی بینک کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے برطانیہ سے اقتصادیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور جامعہ ہارورڈ کی فُل برائٹ سکالر بھی ہیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر دس برس تک عالمی بینک میں رہنے کے بعد گزشتہ پندرہ برسوں سے ایشیائی ترقیاتی بینک سے وابستہ ہیں۔ حکام کے مطابق وہ ایشیائی بینک سے مستعفی ہوکر اپنی نئی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
سٹیٹ بینک کی نئی نامزد کردہ خاتون گورنر کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ سے بتایا جاتا ہے اور ان کی مادری زبان سندھی ہے۔
ان کے والد ایم اے جی ایم اختر بطور وفاقی سیکریٹری برائے اقتصادی امور سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر اختر کو ڈاکٹر عشرت حسین کی جگہ سٹیٹ بینک کی گورنر مقرر کیا گیا ہے۔