Monday, 28 November, 2005, 18:02 GMT 23:02 PST
ہارون رشید،
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ متاثرین زلزلہ کے قائم کی گئی خیمہ بستیاں تیس مارچ دو ہزار چھ تک ختم کر دی جائیں گی تاہم اس سے قبل متاثرین کو ان کے علاقوں میں آباد کر دیا جائے گا۔
یہ اعلان صوبائی وزیر بلدیات سردار ادریس نے پیر کو حویلیاں کے قریب بانڈہ صاحب خان کے مقام پر ایک خیمہ بستی کے دورے کے دوران کیا۔
انہوں نے خیمہ بستی میں رہنے والے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مکانات کی تعمیرنو یا مرمت کا بندوبست کرنے کے بارے میں بھی کوششیں شروع کر دیں۔
مبصرین کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے تیس مارچ کی تاریخ کا اعلان اس لیے بھی کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرین واپسی کے بارے میں سوچنا شروع کر دیں۔
صوبہ سرحد کے پانچ اضلاع آٹھ اکتوبر کے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔
ان میں مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کوہستان اور شانگلہ شامل ہیں۔ زلزلے کے بعد جگہ جگہ متاثرین کو رکھنے کے لیے خیمہ بستیاں قائم کی گئیں۔
کئی ماہرین کے خیال میں متاثرہ علاقوں میں خراب موسم اور تعمیراتی سامان کی کم دستیابی کی وجہ سے تیس مارچ تک کی ڈیڈلائن شاید قابل عمل نہ ہو۔