Friday, 25 November, 2005, 13:38 GMT 18:38 PST
فراز ہاشمی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد
پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یواین ایچ سی آر کی خیرسگالی کی سفیر اور ہالی وڈ کی اداکارہ اینجلینا جولی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں بےگھر افراد کا سردی سے ہلاک ہونے کا خطرہ ہے۔
اینجلینا جولی نے صوبۂ سرحد کے زلزلے سے بری طرح متاثر ہونے والے علاقے الائی کے دورے کے بعد اسلام آباد میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو اس علاقے کا دورہ کرکے زلزلے کی تباہ کاری، اس سے ہونے والے نقصانات اور اس کے بعد علاقے کے لوگوں کے لیے پیدا ہونے والی مشکالات کا اندازہ لگانے میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں دنیا نے بہت سے طوفان اور قدرتی آفات دیکھیں لیکن پاکستان میں آنے والا زلزلہ ایسی قدرتی آفت نہیں تھی جو آ کر چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں اور اب سردی سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ ’ایک سانحے کے بعد ایک اور سانحے کا اندیشہ ہے۔‘
اینجلینا جولی نے کہا کہ الائی میں وہ ایک سات ماہ کی حاملہ عورت سے ملیں جس کے پاس پہننے کے لیے مناسب کپڑے تک نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماں اور ایک عورت ہونے کے ناطے وہ ان عورتوں کی پریشانیوں کا اندازہ کر سکتی ہیں۔
پاکستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں اور تعمیر نو کے کاموں کے لیے عالمی برادری کی طرف سے دی جانے والے امداد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس امداد کو جلد از جلد مہیا کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے خوبصورت وعدے کیے گئے ہیں اور جن کو پورا کرنے میں دو سے تین سال کا وقت لگ سکتا ہے لیکن سردی آنے میں صرف دو سے تین ہفتے رہ گئے ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ دنیا بھر کی توجہ اس آفت سے ہٹ نہ جائے اور وہ اس مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرتی رہیں گی۔
اینجلینا جولی کے ہمراہ ہالی وڈ کے اداکار بریڈ پِٹ بھی پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔ عالمی شہرت یافتہ ان دونوں ادارکاروں نے جمعہ کی صبح صدر جنرل پرویز مشرف سے بھی ملاقات کی۔