Saturday, 19 November, 2005, 21:38 GMT 02:38 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
پاکستان سے افغانستان میں امریکی اڈوں کے لیے تیل لے جانے والے ٹینکر میں ایک دھماکے سے سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
یہ دھماکہ افغانستان کے جنوب میں سرحدی شہر سپین بولدک میں ہوا۔ دھماکوں کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ پاکستان کے سرحدی شہر چمن سے آمدہ اطلاعات کے مطابق تیل کے ٹینکر میں زور دار دھماکہ ہوا ہے اور محسوس یوں ہوتا ہے کہ کوئی دھماکہ خیز مواد اس کی وجہ بنا ہے۔
افغانستان کے سرحدی امور کے دفتر سے حکام نے بتایا ہے کہ تیل کے ٹینکر میں مرمت کا کام ہو رہا تھا اور یہ دھماکہ ویلڈنگ کی آگ سے ہوا ہے۔ انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ تیل سے بھرے ٹینکر کو سپین بولدک میں اچانک ویلڈنگ کی ضرورت کیوں پیش آئی۔ انہوں نے کہا ہے کہ زخمیوں میں پانچ افغانی اور دو پاکستانی باشندے ہیں۔
امریکی اڈوں کے لیے تیل لے جانے والے ٹینکر میں دھماکے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی اس طرح کے تیل کے ٹینکروں پر حملے ہوئے ہیں اور دھماکوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔