http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 15 November, 2005, 01:07 GMT 06:07 PST

بی بی سی اردو کی نشریات بند

پاکستانی حکام نے تین اداروں کو بی بی سی اردو کی نشریات چلانے سے روک دیا ہے۔

ان میں سے دو ٹی وی چینل ہیں جو بی بی سی اردو سے خبروں کے مختصر بلیٹن نشر کر رہے تھے جبکہ ایک ایف ایم ریڈیو سٹیشن ہے (مست 103) جو زلزلے پر دن میں دو مرتبہ خصوصی پروگرام نشر کر رہا تھا۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ نشرِ مکرر کرنے والے اداروں نے ذرائع ابلاغ کے ان ضوابط کی خلاف ورزی کی جس کے تحت غیر ملکی نشریاتی اداروں کا مواد دوبارہ نشر نہیں کیا جا سکتا۔

پولیس اور پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، پیمرا کے اہلکار ایف ایم مست کے کراچی میں واقع دفتر سے نشریاتی آلات بھی اٹھا کر لے گئے۔جب کہ مست کا کہنا ہے کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

اس کے علاوہ حکام نے دو سیلائٹ ٹی وی چینلوں کو ٹیلی فون کر کے بی بی سی اردو کی نشریات کو نشر کرنے سے روک دیا۔ واضح رہے کہ ایسا اس دن کیا گیا ہے جب وائس آف امریکہ کو پاکستان میں نشریات شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام کے اس اقدام کے باوجود بی بی سی اردو کی نشریات میڈیم ویو اور شارٹ ویو پر معمول کے مطابق سنی جا سکیں گی۔ پاکستان کے وزیر برائے اطلاعات شیخ رشید نے حکومت کے اس اقدام پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔