Saturday, 12 November, 2005, 11:42 GMT 16:42 PST
اقوام متحدہ کے بچوں کے بہبود ادارے نے پاکستان اور کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آٹھ لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز کیا ہے۔
اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسف آئندہ دو ہفتوں میں پولیو، خُناق اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گی۔
بڑھتی ہوئی سردی کے پیش نظر یونیسف کی کوشش ہو گی کہ دور دراز علاقوں میں لوگوں تک جل سے جلد پہنچا جائے۔
ایک اندازے کے مطابق زلزلے سے تہتر ہزار افراد ہلاک ہوئے جبکہ امدادی اداروں کے مطابق یہ تعداد ستاسی ہزار ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق زلزلے سے ہونے والی تباہی میں سترہ ہزار بچے ہلاک ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ نے تنبیہ کی ہے کہ طِبّی سہولیات اور صاف پانی کی فراہمی میں تاخیر سے مزید بچوں کی ہلاکتیں ہو سکتی ہے۔
یونیسف حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کے سلسلے میں چھ سو ٹیمیں مختلف دیہات اور قصبوں میں روانہ کر رہی ہیں۔