Friday, 11 November, 2005, 11:16 GMT 16:16 PST
جاوید سومرو
بی بی سی مظفر آباد
جمعہ کے روز مظفرآباد کے علاقے جلال آباد میں زلزلہ زدگان کے ایک مظاہرے پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور کچھ مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
جلال آباد میں قائم کی جانے والی خیمہ بستی کے مکینوں نے جمعہ کی سہ پہر حکومت کے خلاف نعرہ بازی اور علاقے سے بےدخلی کے حکومتی منصوبے کے خلاف مظاہرہ کیا۔
حکام کے مطابق کچھ مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مظاہرین کا موقف تھا کہ انہوں نے بمشکل مظفرآباد کے اس علاقے میں خیمے گاڑ کر رہنا شروع کیا کہ حکومت انہیں وہاں سے نکل جانے کے احکامت دے رہی ہے۔ مظاہرین کے مطابق حکومت جلال آباد سے خیمہ بستی ختم کر کے وہاں سرکاری دفاتر کی تعمیر کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
زلزلہ زدگان مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں علاقے سے بے دخل کرنے کے حکومتی اقدامات نا انصافی پر مبنی ہیں۔