Wednesday, 09 November, 2005, 10:40 GMT 15:40 PST
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں زلزلہ متاثرین کے کیمپوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اور سینکڑوں متاثرین اسہال اور خارش جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں قائم خیمہ بستیوں میں رہائش پذیر سینکڑوں متاثرینِ زلزلہ اسہال کی بیماری کا شکار ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا کہ علاقے میں ہیضہ تو نہیں پھیل رہا۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بنائے گئے عارضی کیمپوں میں نکاسی آب کا انتظام موجود نہیں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا خیال بھی نہیں رکھا جا رہا ہے۔
ادھر باغ سے بی بی سی کے نمائندے علی سلمان نے خبر دی ہے کہ علاقے میں خارش کی بیماری تیزی سے پھیلنا شروع ہو گئی ہے اور مقامی ضلعی ہسپتال میں اس متعدی بیماری کے سینکڑوں مریض لائے گئے ہیں۔
ان مریضوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور عورتوں کی ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کی وجہ خیمہ بستیوں میں صفائی کا ناقص انتظام اور کم جگہ پر زیادہ افراد کا رہنا ہے۔