Sunday, 30 October, 2005, 13:03 GMT 18:03 PST
اقوام متحدہ کے بچوں کے بارے میں ادارے یونیسف کی سربراہ نے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر حفاظتی انتظامات نہ کیے گئے تو پاکستان اور کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھیلنے کی وجہ سے ہزاروں اموات واقعہ ہو سکتی ہیں۔
یونیسف کی سربراہ این وینیمن نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورے کرتے ہوئے ہنگامی طور پر مزید امداد کے لیے تازہ اپیل کی ہے۔
این وینیمن نے کشمیر اور دیگر علاقوں میں جہاں زلزلہ آیا تھا صورتحال کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ بے گھر اور زخمی ہونے والے ہزاروں افراد کو بیماریوں سے بچانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے فوری طور پر مزید امداد چاہیے۔
زلزلے میں بہت سے سکول تباہ ہو گئے تھے اور ہزاروں بچے ہلاک ہوئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی نے یونیسف کی سربراہ کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے متاثرین کی نصف تعداد بچوں پر مشتمل ہے۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے تقریباً آٹھ لاکھ لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ انہیں اگلے چار ہفتوں میں سردی سے بچاؤ کے لیے خیمے اور گرم کپڑے فراہم کر دیے جائیں۔