http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 29 October, 2005, 09:02 GMT 14:02 PST

اردن کی ملکہ رانیہ مظفرآباد میں

اردن کی ملکہ رانیہ نے اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف کے نمائندے کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

ملکہ رانیہ نے پاکستان میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ افراد سے اظہارِ ہمدردی کے لیے مظفرآباد میں ایک فیلڈ ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔

وہ ایک عارضی سکول میں بھی گئیں جہاں پر انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور علاقے کے لیے مزید امداد کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ’ یہ بہت ضروری ہے کہ متاثرین کی بحالی کی کوششوں کو تیز کیا جائے‘۔

اردن ان ممالک میں سے ہے جنہوں نے زلزلے کے بعد فوری طور پر پاکستان میں امدادی سامان بھیجا تھا۔ اس سامان میں امدادی سامان کے پانچ جہاز اور پچیس بستروں کا ایک ہسپتال بھی شامل تھا۔اردن کے شاہ عبداللہ وہ پہلے غیرملکی سربراہ مملکت تھے جنہوں نے زلزلے سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ جمعہ کو اردن کے ٹیلیویژن نے ایک ٹیلی تھان کے ذریعے زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے پانچ لاکھ اٹھاسی ہزار ڈالر جمع کیے تھے۔