http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 28 October, 2005, 22:56 GMT 03:56 PST

مظفرآباد سمیت کئی جگہ زلزلے کے جھٹکے

جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے علاوہ پاکستان کے کچھ شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

تا حال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

مظفر آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار ذوالفقارعلی نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے رات دو بجکر بتیس منٹ کے قریب محسوس کیے گئے جن کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کے جھٹکے راوالپنڈی اور پشاور تک محسوس کیے گئے ہیں۔

پشاور سے بی بی سی کے نامہ نگار رحیم اللہ یوسفزئی نے بتایا ہے کہ پشاور میں زلزلے کا ایک جھٹکا بہت شدید تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی علاقوں میں بھی محسوس کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے بعد لوگوں ڈر کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق اگر جمعہ اور ہفتے کی درمیان شب آنے والا زلزلہ آٹھ اکتوبر کے زلزلے سے تباہ حال علاقوں مانسہرہ، بٹگرام اور کوہستان میں بھی آیا ہے تو اس کا واضح مطلب یہ ہوگا کہ وہاں لوگوں کی مصیبت اور پریشانی میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر پانچ اعشاریہ پانچ تھی۔