Wednesday, 26 October, 2005, 08:48 GMT 13:48 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں بدھ کی صبح نامعلوم افراد نے ایک استاد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ یہ فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ ہے۔
مرید عباس ایک سرکاری سکول میں استاد تھے اور ان کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے بتایا گیا ہے۔ وہ سریاب روڈ پر غریب آباد کے علاقے میں گھر سے سکول کے لیے نکلے ہی تھے کہ راستے میں ریل کی پٹڑی کے پاس دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئے۔
کوئٹہ میں حضرت علی کی شہادت کے جلوس کے حوالے سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران تحفظ عزاداری کونسل کے مرکزی صدر رحیم جعفری نے کہا ہے کہ دو سال پہلے عاشورہ کے جلوس پر حملے کے بعد سے فرقہ وارانہ تشدد کا یہ سترواں واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بڑے واقعات کے بعد حملہ آوروں نے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
رحیم جعفری نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے پر احتجاج ضرور کریں گے کیونکہ ماضی کے ہر واقع کے بعد انتظامیہ انہیں قاتلوں کی گرفتاری کی یقین دہانی کراتی ہے لیکن عملی طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
بدھ کے واقعے کے بعد شہر میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔