Friday, 21 October, 2005, 18:28 GMT 23:28 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کراچی پولیس نے فرقہ وارنہ دہشت گردی کے ایک مبینہ ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حافظ قاسم رشید عرف اسامہ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری پر حکومت نے پانچ لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا تھا۔
ٹاؤن پولیس افسر اورنگی عبدالرشید خان کا کہنا ہے کہ ملزم کو منگھو پیر روڈ مغل کانٹا کے علاقے میں پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ ملزم کیساتھ موٹر سائیکل پر اس کا ایک ساتھی ڈاکٹر امجد بھی موجود تھا جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سے دو دستی بم اور ایک پسٹل برآمد ہوئی ہے۔ ٹی پی او نے بتایا کہ حافظ رشید کے خلاف سی آئی اے سینٹر پر حملے سمیت قتل کے سات مقدمات درج ہیں۔ موجودہ وقت ملزم کو شیعہ رہنماوں کے قتل کا ٹارگیٹ ملا ہو تھا۔
ٹی پی او کا کہنا تھا کہ حافظ قاسم رشید فرقہ وارانہ دہشت گردی کا سرغنہ ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے۔ ملزم کا نام انتہائی مطلوب ملزمان کی کتاب ریڈ بک میں بھی درج ہے۔