Thursday, 20 October, 2005, 11:29 GMT 16:29 PST
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کے اہلکار کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں ٹیٹنس کے ٹیکے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اس سے اموات بھی ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت سے منسلک ڈاکٹر نور نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ بالاکوٹ میں اب تک ٹیٹنس کے اٹھارہ کیس کی شناخت ہو چکی ہے اور تین اموات بھی ہوچکی ہیں۔
ڈاکٹر نور کے مطابق ٹیٹنس سے زیادہ تر بچے متاثر ہو رہے ہیں اور تین مرنے والوں میں دو بچے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امدادی کاموں میں ربط کے فقدان کی وجہ سے لوگوں کو ٹیٹنس کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا کوئی انتظام نہیں ہے جس وجہ سے زلزلہ سے متاثرہ افراد میں ٹیٹنس کی بیماری کا نشانہ بننے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر نور نے کہا کہ بعض مقامات پر ٹیٹنس کے ٹیکوں کو ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات نہیں اور انہیں مطلوبہ درجہ حرارت پر نہیں رکھا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیٹنس کے ٹیکوں کو اگر مناسب درجہ حرارت پر نہ رکھا جائے تو وہ غیر موثر ہو جاتے ہیں۔