http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 20 October, 2005, 02:29 GMT 07:29 PST

پہاڑ گرے اور گاؤں غائب

پاکستان کے صوبہ سرحد کی ایک خوبصورت وادی کاغان اور اس میں واقع جھیل سیف الملوک کے ارد گرد کے علاقے بھی اٹھ اکتوبر کو آنے والے تباہ کن زلزلے کا شکار ہوئے ہیں۔

اس زلزلے میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا بڑا حصہ اور خوبصورت مقامات تباہ ہو گئے اور وہاں ملبے اور لاشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ ان مقامات میں بالا کوٹ سے آگے کا انتہائی دلکش علاقہ بھی شامل ہے۔

پاکستان کے شہر لاہور میں ایک رضاکار گروپ میں شامل اظفر جمال امدادی اشیاء لیکر بالاکوٹ سے آگے ان علاقوں تک پہنچے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں پورے کے پورے گاؤں تباہ ہو چکے ہیں۔ ’جب اوپر سے پہاڑ ٹوٹے تو اس کے نیچے پورے کے پورے گاؤں آ گئے‘۔

تباہ ہونے والے علاقوں میں کاغان، ناران، بابو سر ٹاپ اور جھیل سیف الملوک کے علاوہ شوگران کےگاؤں بھی شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میںاظفر جمال نے کہا کہ کاغان جو کبھی سیاحت کا مرکز ہوا کرتا تھا اب وہاں کوئی ہوٹل نظر نہیں آتا۔ سب کچھ تباہ ہو چکا ہے اور وادی کا ستر سے اسی فیصد تک کا علاقہ زلزلے سے متاثر ہوا ہے۔