Wednesday, 19 October, 2005, 08:01 GMT 13:01 PST
علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کے فلمی ستاروں نےمنگل کو پنجاب کے صنعتی شہر سیالکوٹ سے بارہ لاکھ روپے کا چندہ اکٹھا کیا اور رات گئے واپس پہنچنے پر ایک ایسی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جس میں ہیرو سے لیکر چائے لانے والے چپراسی تک کوئی معاوضہ نہیں لے گا اور فلم کی رقم آفت زدگان کو عطیہ کر دی جائے گی۔
پیر کو روانگی کے وقت سب شان اور میرا کا انتظار کرتے رہے جودیر سے آئے اور ان کی وجہ سے فلمی ستاروں سے بھری بس مقررہ وقت سے تین گھنٹے تاخیر سے سیالکوٹ پہنچی لیکن یہ کسر نکالنے کے لیے فلمی ستارے مختلف ٹیموں میں بٹ کر چندہ مانگتے رہے۔
فلمی ستاروں نے منگل کا سارا دن سیالکوٹ کے کارخانوں، کاروباری اداروں اور امیر سرمایہ داروں کے گھروں پر دستک دینے اور زلزے کے آفت زدگان کے لیے امداد کی اپیلیں کرنے میں گزارا۔
یہ فلمی اداکار اور اداکارائیں جہاں جاتے لوگ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اکٹھے ہوجاتے اور خوبصورت ہیر وئنیں جس صنعتکار کو امداد کے لیے کہتی اس سے انکار نہ ہوپاتا لیکن سارے دن کی چندہ مہم نے سب کو تھکا دیا۔
یہ قافلہ منگل کی رات گیارہ بجے لاہور ایورنیو سٹوڈیو واپس پہنچا تو بس سے اترتی ہوئی ادارکارہ میرا نے کہا کہ انہوں نے سارا دن لوگوں کے گھروں اور کاروباری مراکز پر جاکر ان سے حسب توفیق چندہ دینے کی استدعا کی۔
اس قافلے میں اداکارہ میرا کے علاوہ شان، صائمہ، ریشم، شیبا بٹ ہدایت کار اور فلم ساز سید نور، جمشید ظفر، الطاف حسین اور دوسرے بھی موجود رہے۔
ہدایت کار او فلم ساز مبشر لقمان کے مطابق لوگوں کی پذیرائی حیران کر دینے والی رہی۔
پاکستان کے فلم سازوں اور اداکاروں نے خود اپنے پاس سے بھی دس لاکھ روپے جمع کیے ہیں جن میں شان کے ایک لاکھ روپے اور ریشم کے پچیس ہزار روپے کے عطیات شامل ہیں لیکن آل پاکستان فلم پروڈیوسر ایسو سی ایشن کے نائب چیئرمین جمشید ظفر کہتے ہیں کہ اس دس لاکھ کے علاوہ ریشم نے مزید پانچ لاکھ روپے اور میرانےایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔
فلم ساز جمیشد ظفر نے بتایا کہ اس فلم کی کہانی کے لیے کہانی نویسوں کا ایک گروپ مصروف ہے یہ ایک مکمل کمرشل فلم ہوگی جس میں کام کرنے والے اداکار ، فلم ساز،سٹوڈیو مالک اور ٹیکنشن سمیت کوئی شخص اپنے کام کا معاوضہ نہیں لے گا اوردیگر روزانہ اخراجات کے لیے بھی آپس میں چندہ اکٹھا کیا جائے گا۔
فلمی صنعت کے لوگوں نے شہر شہر چندہ اکٹھا کرنے کے علاوہ بیرون ملک کلچرل شو کرنے کا منصوبہ بھی بنا رکھا ہے۔ جس کی ساری آمدن عطیہ کر دی جائے گی۔
فلمی ستاروں کی خواہش ہے کہ ان کے جمع کردہ عطیات سے آفت زدگان کے لیے رہائشی کالونی بنائی جائے۔