Sunday, 16 October, 2005, 15:53 GMT 20:53 PST
ماں باپ کے زلزلے میں ہلاک ہونے کے بعد چار کم سن بہنوں بھائیوں نے نو روز تک زندگی کی جنگ لڑی۔
اتوار کو فوج کی امدادی ٹیم نے بالا کوٹ کے ایک گاؤں سے ایک پولیو زدہ بچی کو آٹھ دن بعد ملبے سے زندہ نکال لیا۔
پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے بتایا کہ بالا کوٹ سے سات کلو میڑ اوپر پہاڑوں پر سانگھر کے علاقے سے سنیچر کے روز تین بچے بالا کوٹ کے آرمی کیمپ میں آئے۔
ان تین بچوں میں ایک کی عمر نو سال، دوسرے کی عمر سات تھی اور یہ اپنی ایک سات ماہ کی بہن کو بھی آٹھائے ہوئے تھے۔
ان بچوں نے بالا کوٹ میں فوج کو بتایا کہ ان کی ایک بارہ سالہ بہن جو پولیو سے متاثر ہے وہ ملبے میں پھنسی ہوئی ہے اور اس کو نکالنے کی کوشش کی جائے۔
اتوار کے روز فوج کی ایک ٹیم ایک بچے کو ساتھ لے کر گئی اور وہاں ملبے سے ان کی بہن کو زندہ نکال لیا۔ ان چاروں بہن بھائی بالا کوٹ کے آرمی کیمپ میں ہیں۔
ان بچوں کے والدین زلزلے کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔