Saturday, 15 October, 2005, 06:52 GMT 11:52 PST
پاکستان فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ قبل آنے والے زلزلے میں اب تک اڑتیس ہزار افراد ہلاک جبکہ ساٹھ ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دور دراز علاقوں سے تباہی اور ہلاکتوں کی مزید اطلاعات آ رہی ہیں۔
مظفرآباد میں بی بی سی کی نامہ نگار ڈیمیتھا لتھرا کے مطابق ابھی بھی کئی علاقے اور گاؤں ایسے ہیں جہاں نہ زمینی مدد پہنچی ہے اور نہ ہیلی کاپٹروں سے۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگ انتظار کر رہے ہیں، امید کر رہے ہیں لیکن کھلے آسمان کے نیچے رہنے کی وجہ سے کئی لوگ ہلاک ہو گئے ہیں۔
زلزلہ آنے کے ایک ہفتے کے بعد بھی لوگوں کے پاس ٹینٹ، کمبل، کھانے کی اشیاء کی کمی ہے۔
نامہ نگار کے مطابق مظفر آباد میں اب لوگ اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں کو واپس جا رہے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ وہاں سے جو بھی بچ سکے وہ نکال لیں۔ ان ہی میں ایک خاندان بے چینی سے گھر کے ملبے کے اندر سے ایک چیز ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ کوئی پرانی یادگار چیز یا زیور نہیں ہے بلکہ ایک چیک ہے جو ان کے خاندان کے ایک فرد کی برطانیہ میں کینسر کا علاج کروانے کے لیے دی گئی گرانٹ کا ایک چیک ہے۔
![]() | |
| سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے ایک بزرگ مدد کے انتظار میں |
اقوام ے متحدہ کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ سردی کا موسم آتے ہی بچے نزلہ زکام، خوراک کی کمی اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
برطانوی فلاحی تنظیم اوکسفیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان دشوارگزار علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں کمبل اور خیمے پہنچانے کی ضرورت ہے جہاں بہتر حالات میں بھی رسائی آسان نہیں۔
یاد رہے کہ جمعہ کو امدادی کاموں کے لیے اقوامِ متحدہ کے رابطہ افسر ژاں ایگلین نے کہا تھا کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو میں دس برس تک لگ سکتے ہیں۔