Friday, 14 October, 2005, 11:08 GMT 16:08 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کی تاریخ کے بدترین زلزلے کو سات دن گزر جانے کے بعد جمعہ کو مانسہرہ کے گاؤں بالی منگ میں ایک گھر کے ملبے تلے سے ایک ڈیڑھ سالہ بچی کو معجزاتی طور پر زندہ بچالیا گیا ہے۔
ٹیم کوایک گھر کے ملبے کے نیچے سے ایک بچی بے ہوش حالت میں ملی۔ ٹیم میں شامل ڈاکٹر مظہر حسین نے بی بی سی کو بتایا کہ بچی کو جب ابتدائی طبی امداد دی گئی تو وہ ہوش میں آگئی اور فوراً اٹھ بیٹھی۔
اس بچی نے ہوش میں آنے کےبعد رونا شروع کر دیا۔ اس بچی کی والدہ اور دو بھائیوں کو قریب ہی مردہ حالت میں پایا گیا۔
ڈاکٹر کے مطابق بچی کا بات جو اپنے تمام اہلِ خانہ کے ہلاک ہوجانے پر گزشتہ سات دنوں سے غم سے نڈھال ہو رہا تھا بچی کے زندہ بچ جانے پر انتہائی خوش ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سات دن تک ملبے تلے کس کے زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں کیوں کہ ان حالت میں کوئی شخص زیادہ سے زیادہ چار سے پانچ دن تک زندہ رہ سکتا ہے۔