http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 October, 2005, 09:35 GMT 14:35 PST

عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام بٹل

بٹل بھی مسمار ہو گیا

زلزلے کے ساتویں روز مانسہرہ سے پچاس کلومیٹر دور شاہراہ ریشم پر واقع ایک قصبہ بٹل پہنچنے پر معلوم ہوا کہ وہاں ہرچیز مسمار ہو چکی ہے۔ یہاں سکول گرنے سے چالیس بچے ہلاک ہوئے۔

بٹل میں ایک شخص نے بتایا کہ اس نے زلزلے سے چھ روز کے بعد اپنی بہن کی لاش ملبے سے نکالی ہے۔ ایک اور شخص نے بتایا کہ اس نے اپنی بچی کو ایک روز قبل ملبے سے نکالا ہے جبکہ دوسری بچی کے بارے میں اسے کچھ معلوم نہیں جو زلزلے کے وقت کھیلنے کے لیے گھر سے باہر تھی۔

بٹل میں امدادی سامان تقسیم ہو رہا تھا اور فوج کی درجنوں گاڑیاں وہاں جاتے ہوئے دیکھی گئیں اور یوں لگتا تھا کہ زلزلے کے سات روز بعد فوج بالآخر متحرک ہو گئی ہے۔