Sunday, 09 October, 2005, 11:12 GMT 16:12 PST
پاکستان کے صدر پرویز مشرف نے بین الاقوامی کمیونٹی سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے پر پاکستان بین الاقوامی دنیا سے مدد کاطالب ہے کہ جس میں اٹھارہ ہزار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورہ سےقبل سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی امداد کی ضرورت ہے تاکہ اس سانحے سے نپٹنے کے لیے موثر اقدمات کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پردوردراز اور زلزلہ سے کٹ جانے والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر ادویات، خیموں اور سامان لے جانے والے ہیلی کاپٹروں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حالیہ زلزلے کو انیس سو سینتالیس میں پاکستان بننے کے بعد سب سے بد ترین سانحہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان تاریخ کے بد ترین سانحے کا سامنا کر رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ تمام قوم اس سانحے کا جرات مندی سے سامنا کرےگی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق صدر پرویز مشرف کی اہلیہ، والدہ اور ان کی بیٹی ہرایک نے زلزلے کے متاثرین کے لیے قائم ریلیف فنڈ کے لیےایک لاکھ روپے کی امداد دی ہے۔ زلزلے کے فوری بعد ’پریزیڈنٹ ریلف فنڈ‘ قائم کیا گیا ہے۔
امدادی رقم سٹیٹ بینک، نیشنل بینک، حبیب بینک، مسلم کمرشل بینک اور الائیڈ بینک کی تمام شاخوں سےاس ریلیف فنڈ میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔