Tuesday, 04 October, 2005, 11:02 GMT 16:02 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
افغانستان کے سرحدی شہر سپین بولدک میں پاک افغان سرحد پر قائم دوستی گیٹ کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور سات کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
افغانستان کے سرحدی امور کے انچارج کمانڈر رازق نے ٹیلیفون پر بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد افغانستان کے ٹرانسپورٹ کے دفتر کے قریب پڑے پانی کے گھڑوں کے قریب رکھ دیا تھا جس کے پھٹنے سے ایک خاتون اور ایک بچہ ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک خاتون سمیت سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افغانستان سے ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ اس دھماکے میں تین افراد ہلاک اور درجن سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
زخمیوں کو سپین بولدک قندھار اور پاکستان کے سرحدی شہر چمن لایا گیا ہے۔ پاک افغان سرحد کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔