http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 26 September, 2005, 16:37 GMT 21:37 PST

مرنے والی خواتین جیت گئیں

پاکستان کے شمال مغربی سرحدی صوبے میں پولیس ان خبروں کی تحقیقات کر رہی ہے جن کے تحت الزام لگایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے مقامی انتخابات میں دو ایسی خواتین کامیاب قرار پائی ہیں جو عرصہ پہلے انتقال کر چکی ہیں۔

خبروں میں الزام لگایا گیا ہے کہ صوبہ سرحد کے علاقے بالائی دیر میں منتخب ہونے والی ایک خاتون کا انتقال تیرہ سال پہلے ہوا، جبکہ دوسری خاتون تین برس پہلے انتقال کر گئی تھیں۔

انتخابات کی نگرانی کرنے والے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اگر وفات پانے والی خواتین کے نام شامل کیے گئے ہیں تو پھر انتخابات دوبارہ کروانا پڑیں گے اور ان افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے ان خواتین کو نامزد کیا تھا۔