Wednesday, 14 September, 2005, 14:30 GMT 19:30 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر پشین میں ایک دینی مدرسے میں دھماکے سے ایک حملہ آور ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔ مدرسے کے طلباء کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
پشین کے ضلعی رابطہ افسر عصمت اللہ کاکڑ نے بتایا ہے کہ تین افراد بیگ لے کر کلی اسمزئی میں مولوی عبدالستار کے مدرسے میں اس وقت داخل ہوئے جب طلباء اور اساتذہ دوپہر کے کھانے سے فارغ ہو چکے تھے۔ تینوں افراد بیٹھے تھے کہ اچانک ادھر دھماکہ ہوا جس سے ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا ہے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو پشین ہسپتال لایا گیا ہے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق ابڑو نے بتایا ہے زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پشین کے ڈی سی او نے کہا ہے کہ اس بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔ حملہ آوروں کے بیگ کی تلاشی کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ کلی اسمزئی کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر کوئٹہ میں آج صبح فرقہ وارانہ تشدد کے واقعے کے بعد اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے افراد گورنر ہاؤس کے قریب احتجاج کر رہے ہیں جبکہ پولیس نے ان کا راستہ روک رکھا ہے۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے ہیں