Tuesday, 13 September, 2005, 07:56 GMT 12:56 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایاز علی بنگش نامی شخص کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ پولیس نے اسی روڈ پر واپڈا گرڈ سٹیشن کے قریب ایک دستی بم نا کارہ بنا دیا ہے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کوئٹہ رینج پرویز ظہور نے کہا ہے کہ یہ فرقہ وارانہ تشدد کا واقعہ ہے اور پولیس اس بارے میں مزید چھان بین کر رہی ہے۔
ایاز علی ایگریکلچر کے محکمے میں انسپکٹر کے فرائض سر انجام دیتے تھے۔ وہ منگل کی صبح سریاب روڈ پر اپنی رہائش گاہ سے نکلے ہی تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ایک ہی گولی چلائی گئی ہے جو بنگش کی پیٹھ پر لگی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پرویز ظہور نے بتایا ہے کہ متوفی کی لاش بنگش امام بارگاہ میں پہنچا دی گئی ہے اور تدفین شام کے وقت ہو گی۔ کوئٹہ میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے آج صبح سریاب روڈ پر ہی واپڈا گرڈ سٹیشن کے دروازے کے قریب موجود دستی بم ناکارہ بنادیا ہے۔ کچھ روز قبل اسی جگہ پر ایک دستی بم پھٹ گیا تھا جس سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔