http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 24 August, 2005, 04:12 GMT 09:12 PST

ذوالفقار علی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام مظفرآباد

لاپتہ کشمیر چرواہے کی لاش برآمد

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان کی فوج کے ایک مقامی ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی افواج نے منگل کی رات کو اس معمر پاکستانی شہری کی میت پاکستانی فوج کے حوالے کر دی جو پیر کی شام کو لائن آف کنڑول کے قریب مویشی چراتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے ۔

ساٹھ سالہ عبدالرحمٰان کا تعلق مظفرآباد کے جنوب مشرق میں ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سرحدی علاقے وادی لیپہ کے ایک گاؤں بجل دار سے تھا۔

مقامی لوگوں اور انکے عزیزوں کو خدشہ تھا کہ انہیں بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا تھا۔

منگل کو رات گئے مظفرآباد میں پاکستان کی فوج کے ایک ترجمان فاروق ناصر پیرزادہ نے بی بی سی کو بتایا کہ بھارتی فوج نے یہاں کے مقامی وقت کے مطابق رات کو تقریباً آٹھ بجے ساٹھ سالہ عبدالرحمٰان کی میت کو پاکستان کی فوج کے اس دستے کے حوالے کی جو ان کی تلاش میں مصروف تھی۔

فوجی افسر فاروق پیرزادہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ان کو بتایا کہ انہوں نے اس معمر شخص کو ہلاک نہیں کیا بلکہ ان کی لاش بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے میں پڑی ہوئی ملی۔ پیرزادہ کا کہنا تھا کہ ان کو نہیں معلوم کہ یہ معمر شخص لائن آف کنڑول کے دوسری جانب کیسے پہنچے ۔

پاکستان کے فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر گولی یا تشدد کا کوئی نشان نہیں تھا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان کی ہلاکت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جائے گی۔