Wednesday, 17 August, 2005, 08:16 GMT 13:16 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے امریکی صحافی ڈینیل پرل کیس کے مفرور ملزم ہاشم عرف عارف کو ستائیس اگست تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس نے ہاشم کو منگل کے روز ملزم کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر دو کے جج فیروز محمد کے پاس پیش کیا۔
پولیس نے عدالت سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کی گزارش کی جس کو عدالت نے منظور کرلیا اور ستائیس اگست پر ملزم کے خلاف الزامات کی تفصیل اور چالان پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ہاشم کے وکیل رائے بشیر نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے اور ہاشم کے بھائی نے اپنے موکل سے ملاقات کی اور کیس کے حوالے سے بات چیت کی۔
واضح رہے کہ ہاشم عرف عارف کی گرفتاری گوجرانوالا سے ہوئی تھی جہاں سے ان کو کراچی لایا گیا تھا۔
اس سے قبل کراچی کی آرٹلری میدان پولیس نے ہاشم عرف عارف کا ریمانڈ محمد اسلم نامی ایک شخص کے قتل میں لیا گیا تھا۔
جس کے خلاف ہاشم کے بھائی نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی تھی۔ جس کو عدالت نے رد کردیا تھا۔