http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 03 August, 2005, 09:18 GMT 14:18 PST

چھ رشتہ داروں کی سزائے موت مؤخر

فیصل آباد میں چھ قریبی رشتہ داروں کی سزائے موت پر عملدرآمد پندرہ دنوں کے لیے روک دیا گیا ہے۔ ان افراد پر تہرے قتل کا الزام تھا۔

سزائے موت پر عملدرآمد صدر جنرل پرویز مشرف کے حکم پر روکا گیا۔

جیل کے حکام کے مطابق مجرمان نے مقتولین کے لواحقین کے ساتھ صلح کے لیے وقت کی درخواست کی تھی۔

سن انیس سو اکیانوے میں ایک ایڈیشنل سیشن جج نے مجرمان کو فیصل آباد میں ایک باپ بیٹے اور ان کے ایک رشتہ دار کے قتل کے مقدمے میں سزا سنائی تھی۔

اس سال فروری میں ان چھ افراد کی رحم کی اپیل بھی صدر نے مسترد کر دی تھی۔

مجرمان نے سزائے موت پر عملدرآمد سے چند روز پہلے تعزیرات پاکستان کی اسلامی دفعات کے تحت مقتولین کے لواحقین سے صلح کے موقع کی درخواست دائر کی تھی۔