Tuesday, 05 July, 2005, 20:52 GMT 01:52 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ میں نا معلوم افراد نے لیویز کی ایک چوکی کو آگ لگا دی اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر کوئلے کی ایک کان پر قبضہ کر لیا ہے اور انتظامیہ نے نیم فوجی دستے اس علاقے کی طرف روانہ کر دیے گئے ہیں۔
لیویز کے ایک اہلکار نے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ کوئٹہ سے کوئی اسی کلومیٹر دور جنوب میں مچھ کے علاقے مارگٹ میں مسلح افراد کل رات سے جمع ہونے شروع ہو گئے تھے اور صبح کے وقت انھوں نے لیویز چوکی پر ہلہ بول دیا۔ مسلح افراد نے لیویز چوکی کو مبینہ طور پر آگ لگا دی اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر انھیں مچھ بھیج دیا۔
مچھ اور مارگٹ کا علاقہ کوئلے کی کانوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے جہاں اس وقت ایک اندازے کے مطابق کوئلے کی چودہ سے پندرہ کمپنیاں ہیں۔ کوئلے کی جس کمپنی پر نا معلوم افراد نے قبضہ کیا ہے اس کے مالک بابو رفیق نے مارگٹ سے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ مسلح افراد ان سے بھتہ مانگتے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ ان مسلح افراد نے کوئلے کی کان پر قبضہ کر رکھا ہے وہ کان میں تعینات عملے اور مزدوروں کو نکال رہے ہیں۔
مچھ سے صحافی ندیم کوثر نے بتایا ہے کہ کوئی تین سو افراد نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جہاں اس وقت قانون نافذ کرنے والے اہلکار موجود نہیں ہیں۔
اس بارے میں لیویز کے ڈائریکٹر میجر ریٹائرڈ انجم نے کہا ہے کہ یہ مالکان کا مسئلہ ہے اس میں حکومت سے کوئی مخالفت نہیں ہے۔ تاہم یہاں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اس علاقے میں فرنٹیئر کو ر یعنی نیم فوجی دستے روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔