Wednesday, 29 June, 2005, 07:14 GMT 12:14 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
لاہور کے علاقے قصور پورہ میں گزشتہ رات سے بدھ کی صبح تک مبینہ طور پر آلودہ پانی پینے سے چار افراد کی ہلاکت کے بعد علاقے میں مختلف ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
مرنے والوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے۔
راوی روڈ پر قصور پورہ، مرضی پورہ کے علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ درجنوں لوگ پیٹ کی بیماری اور ہیضہ کے سبب اس وقت میو ہسپتال اور دوسرے ہسپتالوں میں داخل ہیں۔
لاہور کے ضلعی ناطم میاں عامر محمود نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ قصور پورہ کے علاقہ میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہیضہ سے نہیں اسہال سے مرے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ’یہ صورتحال خطرناک ہے۔‘
![]() مرنے والے کو دفنانے کی تیاری |
دوسری طرف ضلعی حکومت نے علاقہ میں فوری طور پر طبی کیمپ لگادیا ہے جہاں لوگوں کو ہیضہ وغیرہ کے خلاف حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں اور دوا دی جارہی ہے۔ اس کیمپ میں لوگو ں کا ہجوم ہے۔
لاہور میں ضلعی حکومت کے دفاتر ٹاؤن ہال میں ایمرجنسی کی صورتحال نظر آرہی تھی۔
![]() قصور پورہ کے رہائشیوں کو ٹینکر کے ذریعے پانی مہیا کیا جا رہا ہے |
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے نلکوں میں گندا پانی آرہا ہے اور وہ واسا سے کئی بار شکایت کرچکے تھے لیکن اسے ٹھیک نہیں کیا گیا۔